ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں اور وہ جلد پاکستان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے۔صدر ٹرمپ نے یہ بیان بدھ کو اوہایو روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔لیکن صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی یہ ملاقات کب، کہاں اور کس کے ساتھ ہوگی۔ کسی اور امریکی عہدیدار نے بھی تاحال صدر کے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر ٹرمپ کےبیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا سے متعلق صدر ٹرمپ کی پالیسی کے اعلان کے بعد پاک امریکہ تعلقات میں تناو اور سرد مہری کی بات ہورہی تھی تاہم ان کے بقول اب صورتحال مختلف ہے۔انہوں نے کہا "آج میں نہیں کہتا کہ ہم شیر و شکر ہو گئے ہیں۔۔لیکن میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ مریکہ اور پاکستان کے درمیان چیزوں کودرست کرنے کے طریقہ کار کا آغاز ہو چکا ہے اور اب تعلقات میں بہتری کے امکانات بڑھ رہے ہیں.”شاہ محمود نے مزید کہا کہ اب ناصرف صدر ٹرمپ بلکہ ان کی انتظامیہ کے بعض عہدیدار بھی پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کی بات کررہے ہیں۔