کاروانِ بھٹو ٹرین مارچ کا آغاز

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی سے پیپلز پارٹی کے کاروانِ بھٹو ٹرین مارچ کا آغاز ہوگیا۔کراچی سے لاڑکانہ کے لئے کاررواں بھٹو اسپیشل ٹرین میں روانہ ہوگیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کینٹ اسٹیشن پہنچے تو بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوئے اور بلاول کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کینٹ اسٹیشن اور اطراف کے علاقے کو پارٹی پرچموں اور رہنماؤں کی تصاویر سے سجادیا گیا۔بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا سیلاب ہمارے ساتھ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے شہادت قبول کی مگر یوٹرن نہیں لیا، آمر کے آگے سر نہیں جھکایا اور عوام کو دھوکا نہیں دیا، آج حکمران ذوالفقار علی بھٹو کے کارکنوں اور نواسے سے ڈرتے ہیں، 4 اپریل کو قافلہ گڑھی خدابخش پہنچے گا۔

کاروانِ بھٹو کے راستے اور قیام کے مقامات کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام بھی جاری کیا۔اس کے مطابق کاروانِ بھٹو کا آغاز کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے ہوگا لیکن اس کے بعد وہ کراچی کے ہی ڈرگ روڈ جنکشن اور لانڈھی اسٹیشن پر خطاب کریں گے۔