سیالکوٹ: مضر صحت پلاسٹک بوتلوں سے دانہ تیارکرنے کا دھندہ عروج پر۔۔۔!

سیالکوٹ(ظہیر الدین بابر سے)پنجاب فوڈ اتھارٹی پیکجنگ مٹیریل ریگولیشن کے تحت محفوظ فوڈ گریڈ پلاسٹک بوتل کی تیاری کے معاملے پرپنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے پلاسٹک بوتل انڈسٹری کے لیے ایس او پی جاری ہونے کے باوجود سمبڑیال میں پلاسٹک کی استعمال شدہ بوتلوں کا کاروبار دھڑلے سے جاری ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے آنکھیں بند کرلیں ۔سیاسی و سماجی حلقوں کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایس او پی کے مطابق استعمال شدہ پلاسٹک کے کرش سے تیار کردہ بوتل کا استعمال کھانے پینے کی بوتل میں نہیں ہو گا۔صرف فوڈ گریڈ پلاسٹک دانے سے بنی بوتل ہی کھانے پینے کی اشیا کے لیے استعمال ہوگی۔ پلاسٹک کر ش سے تیار کردہ بوتل پر ”یہ کھانے کی اشیا میں استعمال کے لیے نہیں ”لکھنا لازم ہے۔انہوں نے کہاکہ وارننگ لیبل والی بوتلیں کھانے پینے کے علاوہ باقی اشیا کے لیے استعمال ہو سکیں گی۔ فوڈ گریڈ پری فام کھانے پینے، نان فوڈ گریڈ پری فام باقی اشیا کی بوتلوں کی تیاری میں استعمال ہو سکے گا۔پلاسٹک کرش سے نان فوڈ گریڈ بوتلیں اور خام مال (پری فام) بنانے والوں کے لیے ریکارڈ رکھنا لازم ہو گا۔جبکہ سمبڑیال میں اس ایس او پی کے برعکس ناقص اورمضر صحت پلاسٹک بوتلوں سے دانہ تیار کرنے کا دھندہ سر عام جاری ہے ۔مضر صحت میٹریل سے دانہ تیار کرنے کے مرحلہ میں سمبڑیال کی فیکٹریاں چھوٹے چھوٹے بچوں سے بغیر کسی حفظتی اقدامات کے مشقت کرواتی ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی مضر صحت کام کرنے والی فیکٹریوں کو پکڑنے کی حکمت عملی تیار نہ کر سکی ۔سمبڑیال کے سیاسی و سماجی حلقوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے ان فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔