برطانوی وزیراعظم تھریسا مے 7 جون کو منصب چھوڑ دیں گی

برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے نے اعلان کیا ہے کہ وہ 7 جون کو وزیراعظم اور حکمراں جماعت کنزرویٹو اور یونینسٹ پارٹی کی رہنما کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گی۔رائٹرز ‘ کی رپورٹ کے مطابق تھریسامے نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ‘ میں 7 جون برزو جمعہ کو کنزرویٹو اور یونینسٹ پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہوجاؤں گی تاکہ نئی قیادت کو منتخب کیا جاسکے’۔تھریسامے 7 جون کو پارٹی قیادت سے مستعفی ہوجائیں گی جس کے آئندہ ہفتے ہی نئے سربراہ کو منتخب کیا جائے گا تاہم وہ نئے وزیراعظم کے انتخاب تک عہدے پر براجمان رہیں گی۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے جو یورپی یونین کی رکنیت کی حامی رہی ہیں، وہ 2016 میں بریگزٹ ووٹ کے بعد وزیراعظم بنیں تھیں۔تھریسا مے کے استعفے کے اعلان سے بریگزٹ بحران کے سنگین ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے اور یورپی یونین سے بغیر معاہدے کے علیحدگی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔