پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بڑاجھٹکا، سی ای او رچرڈ مورن مستعفیٰ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے رچرڈ مورن کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے رچرڈ مورن کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مفادات کے ٹکراؤ کی وجہ سے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔رچرڈ مورن پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ملازم ہوتے ہوئے اپنی ذاتی کمپنی بھی چلا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ ملازمت کے معاہدے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔

رچرڈ مورن کینڈین شہری ہیں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے پہلے غیر ملکی سی ای او تھے۔ انہیں گزشتہ سال پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا سی ای او تعینات کیا گیا تھا۔ ان کی تقرری کے وقت بھی اسٹاک بروکرز نے مارکیٹ کے انتہائی اہم عہدے پر غیر ملکی کی تقرری سمیت ان کی بھاری تنخواہ اور مراعات پر اعتراض اٹھایا تھا۔علاوہ ازیں آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس میں 748 پوائنٹس کی کمی ہوگئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 34 ہزار 949 پوائنٹس پر بند ہوا۔