اپوزیشن جماعتوں نے چئیرمین سینٹ کو ہٹانے کیلئےکمر کس لی

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے سینٹرز کا اجلاس آج راجہ ظفرالحق کی زیرصدارت ہوگا، اپوزیشن آج چیئرمین سینیٹ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے قرارداد سینیٹ میں جمع کرائے گی۔ایوان کے ایک چوتھائی ممبرز سیکریٹری سینیٹ کوقرارداد پیش کرنے کی تحریک جمع کرائیں گے، مذکورہ تحریک پر تمام ارکان کونوٹس جاری کیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق نوٹس جاری ہونے کے 7 روز بعد سینیٹ اجلاس بلایاجائے گا، اجلاس کی صدارت چیئرمین سینیٹ نہیں کرسکیں گے، مذکورہ تحریک منظوری کیلئے 26 سینیٹرز کی حمایت درکار ہوگی۔تحریک پیش کرنے کی اجازت کے بعد قرارداد پر خفیہ رائے شماری ہو گی اور چیئرمین سینیٹ کو 30 منٹ تک بات کرنے دی جائے گی، اکثریت نے ہٹانے کا فیصلہ دے دیا تو چیئرمین سینیٹ عہدے پر نہیں رہیں گے۔

اس وقت 104 کے ایوان میں 103 ارکان ہیں حلف نہ اٹھانے والے اسحاق ڈار کے بغیر مسلم لیگ ن کے 30 سینیٹرز ہیں، سینیٹ میں اپوزیشن نے 67 سینیٹرز اراکین کی حمایت کا دعوی کیا ہے جبکہ حکومت کو36 ارکان سینیٹ کی حمایت حاصل ہے۔پی پی، ن لیگ، نیشنل پارٹی، پی کے میپ، جے یو آئی ف اور اے این پی حکومت کیخلاف جبکہ پی ٹی آئی کیساتھ ایم کیوایم، آزاد ارکان، فنکشنل لیگ، بی این پی مینگل اور دیگر شامل ہیں۔
یہ بات بھی یہاں واضح رہےکہ 5 جولائی کو متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد نوجولائی کوجمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔