احتساب جاری رہےگا،جومرضی ڈرامے کر لیں

وزیراعظم عمران خان نے نمل انسٹیٹیوٹ میانوالی میں اسپتال کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئےکہاکہ میانوالی میں جدید اسپتال سے یہاں کے عوام کو فائدہ ہوگا، میانوالی اسپتال کو بھی اپ گریڈ کریں گے، میانوالی میں ماں بچہ اسپتال بنائیں گے، دنیا اس شخص کو یاد رکھتی ہے جو انسانوں کے لیے کچھ کرجائے۔ انسانیت کی بھلائی کے کام کرکے انسان کو روحانی خوشی محسوس ہوتی ہے۔ امیر آدمی کو کبھی دنیا یاد نہیں کرتی، جو انسانوں کیلئے کچھ کرکے جائے دنیا انھیں یاد کرتی ہے۔ آج بھی صوفیا کرام کے مزاروں پر لاکھوں لوگ آتے ہیں۔
ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال اور نیب کی جانب سے کرپشن الزامات میں پکڑ دھکڑ پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ ان گرفتاریوں کا پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا؟ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک نے اپنے 450 وزرا کو جیل میں ڈالا اور وہاں سب سے زیادہ ترقی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بھی جب تک کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں ہوگا، ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔ گزشتہ 10 سال میں ملک کا قرضہ 6 ہزار سے 30 ہزار ارب ہو گیا ہے۔ آج ہمارا حال یہ ہے کہ ہم قرضوں کا سود واپس کرنے کیلئے مزید قرضے لے رہے ہیں۔ قرضہ بھی لیا اور ملک کا نقصان بھی ہوا، کدھر گیا اتنا پیسہ؟ان کا کہنا تھا کہ مجھے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اتنا کرو جتنا برداشت کر سکو، میں تو 22 سال سے اس انتظار میں تھا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا تھا کہ مجھے صرف ایک دفعہ موقع دیدے، میں ان کرپٹ لوگوں کا حساب کروں۔ کہتے ہیں کہ جواب نہیں دیں گے، ہم ان سے جواب لیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ پہلے کمزور ہمیشہ پکڑا گیا اور طاقتور نہیں پکڑا جاتا ہے، آج طاقتور کو بھی پکڑا جا رہا ہے۔ یہ احتساب کا عمل آخر تک رہے گا۔ جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں، ان کا احتساب نہیں ہوگا تو چوری نہیں رکے گی۔ ہم نے اداروں کو آزاد کر دیا ہے کہ جو کرپشن کرے اسے پکڑیں۔ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کی وجہ سے روپے کی قدر گر رہی ہے۔ آج مشکل وقت ہے لیکن انشا اللہ یہی پاکستان اب تیزی سے اوپر جائے گا۔ سب سے پہلے ہم اپنے لوگوں کی زندگی بہتر بنائیں گے۔