جہلم اور نواحی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

میر پور آزاد کشمیر، جہلم، شیخوپورہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزے کی شدت 4.1 اور گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز جہلم سے 6 کلو میٹر دور شمال میں تھا۔ سرگودھا، راولاکوٹ، نارووال، سانگلہ ہل، دینہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
ادھر کچھ روز قبل آزاد کشمیر میں زلزلے سے تباہ کاریوں کی رپورٹ جاری کر دی گئی، مختلف علاقوں میں 38 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 160 افراد شدید زخمی ہوئے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق زلزلے سے 270 گھر منہدم اور ستائیس سو نو کو نقصان پہنچا، 8 سرکاری عمارتیں زمین بوس اور 131 متاثر ہوئیں، 50 گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
دوسری جانب زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ 600 خاندانوں کو خیمے اور خوراک فراہم کی گئی ہے، پانی اور بجلی کے نظام کی بحالی کیلئے بھی کام کا آغاز کر دیا گیا۔