دوسرا ون ڈے :پاکستان نے سری لنکا کو با آسانی شکست دے دی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے میچ 67 رنز سے جیت لیا۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، 10 سال بعد کراچی میں ہونے والے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ فخر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی امام الحق بھی اس دوران چند بہترین شارٹس کھیلتے نظر آئے۔گرین شرٹس کو پہلا نقصان 73 رنز کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب امام 31 رنز بنا کر ڈی سلوا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دوسری وکٹ فخر زمان کی گری جنہوں نے 65 گیندوں پر 54 رنز کی باری کھیلی،اس دوران انہوں نے چند جارحانہ اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین کی وکٹ بھی ڈی سلوا نے لی۔حارث سہیل 48 گیندوں پر 40 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں ایک چوکا شامل تھا، کپتان سرفراز احمد بھی 12 گیندوں پر 8 سکور بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی رنز مشین بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 11 ویں تھری فیگر اننگز کھیلی۔آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 105 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار باری کھیلی۔ اس اننگز میں انہوں نے 8 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے لگائے۔

عماد وسیم 8 گیندوں پر 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 32 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 305 رنز بنائے۔ لنکن ٹائیگر کی طرف سے ڈی سلوا نے دو جبکہ کمارا اور اوڈانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز گوناتھیکلے اور سمارا وکراما نے کیا، 18 کے مجموعی سکور پر وکراما 6 رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر بولڈ ہو گئے، 22 رنز پر گوناتھیکلے 14 سکور بنا کر پویلین کی طرف لوٹ گئے انہیں محمد عامر نے وکٹ چھوڑنے پر مجبور کیا۔22کے مجموعی سکورپر اویشکا فرنینڈو صفر پر عثمان شنواری کی گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ اوشاڈا فرنینڈو 1 رن بنا کر عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کپتان تھریمانے صفر پر عثمان شنواری کا شکار بن گئے۔سری لنکن بیٹسمین جے سوریا نروس نائٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز پر عثمان خان شنواری کی گیند پر وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے شاندار 7 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا، شناکا نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 80 گیندوں پر 68 رنز بنائے

ان کی وکٹ سپنر شاداب خان نے حاصل کی۔اوڈانا 1 رن بنا کر عثمان شنواری نے وکٹ حاصل کی۔ اوڈانا 1 سکور پر عثمان شنواری کا شکار بن گئے۔ آخری وکٹ وہاب ریاض نے حاصل کی، کمارا نے بھی ایک رن بنایا۔سری لنکا کی پوری ٹیم 238 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے ون ڈے میں کم بیک کرنے والے عثمان خان شنواری نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور مرد میدان قرار پائے۔سری لنکا کی بیٹنگ کے دوران دو مرتبہ لائٹنگ کا مسئلہ سامنے آیا، نیشنل سٹیڈیم کی فلڈ لائٹ کا ٹاور بند ہو گیا تھا جس کے باعث میچ کو روک دیا گیا تاہم لائٹ ٹھیک ہونے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تھا۔