لاہور:CTD پولیس اسٹیشن پر خود کش حملے کی کوشش ناکام

لاہور میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن برکی روڈ پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ جوابی کارروائی میں دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔
خود کش حملہ آور نے سی ٹی ڈی کے تھانہ میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس دوران شناخت پوچھنے پر دہشتگرد نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ سی ٹی ڈی تھانے کی ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سے خود کش جیکٹ اور 2 ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگرد تھانے پر حملہ کرنا چاہتا تھا، اس کی شناخت نہیں ہوسکی، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کیا گیا جس نےخودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جلد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا جائے گا۔