حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کا معاملہ: تیسری بار ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز حلف نہ لینے کے معاملے پر تیسری بار لاہور ہائی کورٹ پہنچے ہیں ۔حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں صدر مملکت ،گورنر پنجاب اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد نہیں کیا جا رہا ۔گورنر پنجاب نے ایک بار پھر عدالتی حکم ماننے سے انکار کیا ہے لہذا لاہور ہائی کورٹ حلف لینے کے لیے نمائندہ مقرر کرے۔ یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا تھا کہ 28 اپریل تک گورنر خود یا کسی نمائندے کے ذریعے نو منتخب وزیر اعلیٰ کا حلف لیں ۔ عدالت نے اپنے حکم میں حلف میں تاخیر کو توہین آئین قرار دیا تھا۔