ہم بھوک سے مرنے والے ہیں،سری لنکن وزیر اعظم

شدید مالی اور معاشی بحران سے دو چارسری لنکا کو خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہے جس کے باعث قحط کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے عوام کوخبردار کیا ہے کہ مالیاتی بحران اور ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے، ہم بھوکے مرنے والے ہیں۔

رانیل وکرما سنگھے نے سلسلہ وار ٹوئٹر پیغامات میں لکھا کہ امریکانے دنیا میں خوراک کی قلت کی پیش گوئی کی ہے، سری لنکا اور افغانستان کو بدترین متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

نومنتخب وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے اپنی حکومت کی زرعی پالیسی پر کہا کہ وہ خوراک کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اگلے سیزن کے لیے بڑی مقدار میں کھاد خریدیں گے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے سابق سربراہ راجا پاکسے نے گزشتہ سال تمام کیمیائی کھادوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی جس کی وجہ سے ملک میں اجناس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔