سدھو موسے والے کا نیا گیت یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا

بھارتی پنجاب کے معروف فری اسٹائل ریپر سدھو موسے والا کا موت کے بعد ریلیز کیا گیا پہلا گانا SYL یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق موسے والا کا پانی کے مسئلے پر بنایا گیا گانا بھارتی سرکار کی شکایت پر یو ٹیوب سے ہٹایا گیا ہے۔ جس کے بعد بھارتی صارفین اس گانے کویوٹیوب پر نہیں دیکھ سکیں گے۔

اس کے علاوہ پاکستان اور دیگر ممالک میں یہ گانا یوٹیوب پرسنا جا سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت کی شکایت پر گانے کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے یوٹیوب سے ہٹوایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گانا بین ہونے کے بعد موسے والا کے مداحوں نے حکومت اور یو ٹیوب انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

گانے کو ریلیز کے صرف چند دن کے دوران یوٹیوب پر 27 ملین سے زائدبار دیکھا اور سنا جا چکا ہے۔

28 سالہ موسے والا کو 29 مئی کوضلع مانسا میں گولیوں کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کیا گیا تھا۔