پاکستان مخالف بیان دینے پر محمود اچکزئی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے، پرویز الہیٰ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف بات کر کے محمود خان اچکزئی نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے لہذا ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج ہونا چاہیئے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 30 سال سے افغانوں کو پناہ دے رکھی ہے، ہم 30 سال سے افغان مہاجرین کو پال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پاکستان کا کھا کر پاکستان کے خلاف ہی بات کرتے ہیں اور محمود خان اچکزئی بھی انہیں منتخب لوگوں میں سے ہیں، محمود خان اچکزئی پاکستان کے خلاف بات کرنے کا کوئی موقع نہیں جانے دیتے اور ان کا حالیہ بیان بھی انتہائی شرمناک ہے۔پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی جیسے لوگوں کا اگر آج منہ بند نہ کیا گیا تو کل دوسرے لوگ بھی سامنے آئیں گے، عوام کو ان کے خلاف احتجاج کرنا چاہیئے اور آئین کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج ہونا چاہیئے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران لندن میں خریداریاں کر رہے ہیں اور ملک میں پینشنرز کو پیسے نہیں مل رہے، محمود خان بھی نواز شریف کے اتحادی ہیں وزیر اعظم بتائیں کہ وہ اچکزئی کی پالیسی کو مانتے ہیں یا نہیں۔