دنیا کا سب سے زیادہ غمزدہ گوریلا

تھائی لینڈ میں رہنے والے گوریلے کو دنیا کا سب سے زیادہ غمزدہ گوریلا قرار دیا جارہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ میں قید اس گوریلے کے مالک نے اسے آزاد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ میں شاپنگ مال کے اوپر قائم چڑیا گھر میں قید گوریلے کے مالکان کی جانب سے جانور کو آزاد کرنے کے لیے بڑی رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوریلے کو جرمنی سے 1990ء میں تھائی لینڈ کے چڑیا گھر میں اس وقت قید کیا گیا تھا جب اس کی عمر ایک سال تھی اور آج اس کی عمر 33 سال ہوگئی ہے، ماضی میں مالکان نے اسے آزاد کرنے کے لیے 7 لاکھ پونڈز کا مطالبہ کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق گوریلا چڑیا گھر میں لوہے کے چھوٹے سے پنجرے میں قید ہے اور اب اسے آزاد کرنے کے لیے 7 لاکھ 80 ہزار ڈالرز سے زیادہ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جانوروں کے حوالے سے مہم چلانے والے بھی اس کی آزادی کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر کی مالکن نے تھائی لینڈ کے ایک وزیر کو بتایا ہے کہ وہ گوریلے کو 7 لاکھ 82 ہزار امریکی ڈالر کے عوض آزاد کردے گی۔

وزیر ماحولیات کے سیکریٹری کا بیان میں کہنا ہے کہ گوریلے کی رہائی کے لیے وزارت فنڈز اکٹھا کرنے کی تقریبات منعقد کررہی ہے تاہم چڑیا گھر کے مالکان کو ادائیگی کے لیے اتنی رقم جمع نہیں کرسکے۔