عمران خان سے شرائط کے بغیر بات کریں گے، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کو بات چیت کرنی ہے تو اس میں کنڈیشن نہیں لگائی جاتی، پاکستان کی بہتری کے لیے بات چیت ضروری ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان عدم اعتماد کے ذریعے جمہوری طریقے سے نکالے گئے، وہ اپنی کارکردگی نہیں دیکھتے، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ان کا اقتدار ختم ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کافی کچھ سیکھ لیا ہو گا اب سنجیدگی آ جانی چاہیے، اتحادیوں نے عمران خان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی پی کے رہنما کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی کارکردگی نہیں دیکھتا، کبھی سازش میں چلا جاتا ہے کبھی کیا کہتا ہے، یہ شخص چند گھنٹوں کے لیے سکھر آیا، کھانا کھایا اور چلا گیا، مونس الہٰی نے جو کہا ہے کہ وہ ان سے پوچھیں، عمران خان کوآئینی طریقہ سے نکالا، اتنی سی بات ان کو سمجھ نہیں آرہی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ لوگوں کو بہت زیادہ مشکلات ہیں، ملک میں بدترین سیلاب آیا، جنوری میں ڈونر کانفرنس ہونے والی ہے، ہم اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، ایم کیو ایم کے ساتھ پہلے بھی اتحاد رہا ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ اس صوبے کی بہتری کے لیے ساتھ چلنا ہے، ہم الیکشن کے لیے ہر وقت تیار ہیں، پیپلز پارٹی پر اس کے ورکرز کا شدید دباؤ ہے، ایم کیوایم کے لوگ اپنے خدشات سے پہلے بھی ہمیں آگاہ کرتے رہتے ہیں، ایم کیو ایم کے خدشات الیکشن کے لیے نہیں ہیں، ہم ان کے خدشات ضرور دور کریں گے۔