الیکشن کمیشن کے چیف کا بنایا گیا نگران وزیر اعلیٰ چلنے نہیں دیں گے، چوہدری پرویز الٰہی

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمیشنرسکندر سلطان راجہ کا بنایا ہوا نگران وزیر اعلیٰ نہ قبول کریں گے اور نہ ہی اسے چلنے دیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی سوچ کو جانتے ہیں ،یہ تو روز عمران خان کے خلاف مقدمات درج کروا رہے ہیں ، الیکشن جب بھی ہوئے بھرپور طاقت کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں پرویزا لٰہی نے عمران خان کو بڑا لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ غطی کرتے ہیں تو انہیں روکتے ہیں لیکن جب دشمن غلطی کرتا ہے تو اسے ڈوبنے سے نہیں روکنا چاہیے۔

یاد رہے کہ حکومت اور اپویشن کی جانب سے دیے گئے نگران وزیر اعلیٰ کے نام دونوں اطراف سے مسترد کر دیے گئے ہیں ۔ اپوزیشن کی جانب سے احد چیمہ اور محسن نقوی کا نام تجویز کیا گیا تھا جبکہ حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اورنصیر احمد کا نام تجویز کیا گیا تھا۔