سیاسی اندھے رشتے داروں میں ریوڑیاں بانٹنا چاہتے ہیں: شیخ رشید

راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نگران حکومت اور اسکے وزیراعظم کا فیصلہ اتنا آسان نہیں ہو گا کہ جتنا دکھائی دیتا ہے ، سیاسی اندھے رشتے داروں میں ریوڑیاں بانٹنا چاہتے ہیں ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مطابق نگران وزیراعظم کو الیکشن کروانے کے علاوہ کوئی اختیارات نہیں مل سکتے ہیں ۔

اسحاق ڈار کے آنے کا مطلب آئی ایم ایف ناراض، ڈالر 300 کراس اور الیکشن ایک سال آگے ، الیکشن کی تاخیر معیشت کی تباہی اور غریب کا زندہ دفن ہو نا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی یہ چاہتی ہے کہ نگران وزیراعظم انکی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی ہو، 15 مہینے سے شہباز شریف وزیراعظم رہے اور سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کے ہاتھ میں رہا لیکن پاکستا ن آنے کی جرات نہیں ہوئی ، یہ لوگ الیکشن کی تاخیر میں جتنے حربے استعمال کریں گے، الٹا انکے گلے پڑیں گے ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بے شک یہ پی ڈی ایم سارے میڈیا پر قبضہ کر لے ، صحافت کو ہتھکڑیاں پہنا دے، آٹا ، چینی کا بھاؤ اور بجلی کے بل کا بم انکی سیاست کا قبرستان بنا دے گا ، کس کارکردگی پر سرکاری افسران میں نئی گاڑیاں بانٹی جا رہی ہیں ، ڈیفالٹ پاکستان نہیں عوام نے ہونا ہے ۔

شیخ رشید کا مزید یہ کہنا تھا کہ آخری دو ہفتے پاکستان کی سیاست میں انتہائی اہم ہیں ، یہ عوام کو ریلیف کے بجائے مزید تکلیف دے کر جائیں گے۔