گوگل کا ویڈیو شیئرنگ کیلیے یوٹیوب میسینجرلانے کا منصوبہ

نیوریارک(ویب ڈیسک)آج کل دوستوں سے ویڈیوز شیئر کرنا سب ہی کا پسندیدہ مشغلہ ہے اور یوٹیوب پر ویڈیوز کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے جنہیں گوگل کے نئے پروگرام کے بعد شیئر کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔واٹس ایپ اور فیس بک مسیینجر کی بڑھتی ہوئی شہرت گوگل کے لیے کافی تشویشناک ہے کیونکہ ایک طرف تو واٹس ایپ نے گوگل ہینگ آؤٹس کو میدان سے باہر کر رکھا ہے تو دوسری جانب فیس بک نے گوگل پلس کو نیچا دکھا رکھا ہے۔ یعنی اس وقت گوگل کے مقابلے میں فیس بک کا پلڑا بھاری ہے۔ اس کے علاوہ امیزون کے گوگل کے مدمقابل ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ لانے کے اعلان نے بھی گوگل کو پریشان کر رکھا ہے۔ لیکن اب گوگل ایک نئی چال چلنے کے لیے تیار ہے جس میں وہ گوگل پیش کرنے جا رہا ہے یوٹیوب میسنجر جو یوٹیوب کی ویڈیو ایپ کے اندر کام کرے گا۔یوٹیوب ویڈیو میسینجر کے ذریعے لوگ نہ صرف گپ شپ کر سکیں گے بلکہ ایک دوسرے کو یوٹیوب کی ویڈیوز بھی بھیج سکیں گے۔ یوٹیوب کی ویڈیوز دوسروں سے شیئر کرنے کے لیے اس سے قبل ان کے لنک کاپی کرکے یا ویڈیو ڈاؤن لوڈ کر کے دوسروں کو بھیجنا پڑتی تھی لیکن اب گوگل اس معاملے میں سختی برتنے جا رہا ہے۔یوٹیوب کی ویڈیوز کو صرف یوٹیوب مسینیجر کے اندرشیئر کرنے کی اجازت ہو گی۔ اس طرح گوگل کی کوشش ہے کہ صارفین یوٹیوب پر زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور دیگر میسیجنگ ایپلی کیشنز کی طرف کم جائیں۔ فی الحال یہ فیچر تجرباتی طور پر مخصوص صارفین کو فراہم کیا گیا ہے اور اس کی عام فراہمی کے بارے میں کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا ہے۔