ملک بھر میں شدید گرمی، کئی علاقوں میں دن چڑھتے ہی درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کرگیا

کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ملک میں بدھ کے روز سب سے زیاد ہ گرمی لاڑکانہ اور سبی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 52 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جیکب آباد میں 50.5، تربت، میرپور خاص اور رحیم یار خان میں 50، سبی، سکھر اور شہید بے نظیرآباد میں 49، حیدر آباد میں 48.5، بہاولپور، دادو اور روہڑی میں 48، نور پور تھل اور فیصل آباد میں 47 جب کہ لاہور اور راولپنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔حیدر آباد میں گرمی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے قبل 1986 میں مئی کے مہینے میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا تھا۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا لیکن ہوا میں نمی اور کم رفتار کی وجہ سے ہیٹ انڈیکس 41 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں گرمی کی لہر معمول کے مطابق ہے اور اگر یہ طوالت اختیار کرتی ہے تب ہی پریشانی کا باعث ہوگی تاہم گرمی کی یہ لہر مزید ایک سے دو روز جاری رہ سکتی ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، سبی اور مکران ڈویژن میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ کراچی سمیت پاکستان کے دیگر ساحلی علاقوں میں متغیر رفتار سے چلنے والی سمندری ہواؤں کی بدولت درجہ حرارت میں دیگر علاقوں کی نسبت تیزی سے اضافہ نہیں ہو گا۔