شاہد آفریدی کا لیگل نوٹس ملا تو جواب ضرور دوں گا، جاوید میانداد

کراچی(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کی جانب سے میچ فکسنگ الزامات پر نوٹس ملا تو اس کا جواب ضرور دوں گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کے درمیان لفظی جنگ قانونی صورت اختیار کرتی جارہی ہے اور اب بوم بوم آفریدی نے جاوید میانداد کی جانب سے میچ فکسنگ کے الزامات پر انہیں عدالت لے جانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس پر لیجنڈری کرکٹر نے بھی کمر کس لی ہے۔جاوید میانداد کاکہنا ہے کہ اگر شاہد آفریدی کی جانب سے میچ فکسنگ الزامات پر نوٹس ملا تو اس کا ضرور جواب دوں گا، ابھی کسی معاملے پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتا تاہم کسی سے ڈرنے والا نہیں اور اگر الزامات پر نوٹس ملا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں روزنامہ ایکسپریس کے اسپورٹس ایڈیٹر سلیم خالق کی کتاب “کرکٹ کارنر” کی تقریب رونمائی کے دوران میڈیا کےنمائندوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جاوید میانداد کو ہمیشہ پیسوں کا مسئلہ درپیش رہا ہے ملک کے اتنے بڑے کرکٹر کو پیسوں کی بات نہیں کرنی چاہئے جس کے بعد جاوید میانداد نے شاہد آفریدی پر میچ فکسنگ کا الزام لگایا تھا۔