چیف آپریٹنگ افسر پی آئی اے سکیورٹی رسک ہیں، ویزہ منسوخ کیا جائے: بورڈ آف انویسٹمنٹ کا وزارت داخلہ،ایوی ایشن ، پی آئی اے کوخط

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے کے بورڈ آف انویسٹمنٹ نے وزارت داخلہ، سول ایوی ایشن ڈویژن اور پی آئی اے انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ادارے کے چیف آپریٹنگ افسر برنڈ ہلٹن کو ملک میں نہ آنے دیا جائے۔تفصیلات کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک گئے ہیں۔ ان کو واپس آنے کی اجازت نہ دی جائے۔وہ سکیورٹی رسک ہیں۔ ان کی تاحال سکیورٹی کلیئرنس بھی نہیں ہوئی۔ان کا ویزہ منسوخ کیا جائے۔دوسری طرف سکیورٹی حکام نے برنڈ ہلٹن کی غیر ملکیوں سے بلا اجازت ملاقاتوں کا نوٹس لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ان کی اہلیہ روسی ہیں اور برنڈ ہلٹن نے بھارت میں بھی ملازمت کی۔ ملک کی اہم سکیورٹی ایجنسی نے برنڈ ہلٹن کو تاحال کلیئر نہیں کیا۔دوسری طرف چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل کا کہنا ہے کہ ان کو برنڈ ہلٹن کے ویزے کی منسوخی کا علم نہیں۔بورڈ آف انویسٹمنٹ نے برنڈ ہلٹن کی سکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے پر اعتراض کیا۔حکومت سے سکیورٹی کلیئرنس کا عمل جلد مکمل کرنے کیلئے کہا ہے۔یاد رہے کہ برنڈ ہلٹن کو فروری میں پی آئی اے کا سی ای او بنایا گیا۔ان کے پاس چیف ایگزیکٹو آفیسر کا چارج بھی ہے۔