‘ملک میں غربت کی ذمہ دار حکومت، صرف ٹول پلازہ بنانے سے ترقی نہیں ہوتی’

غربت اور لاعلمی کی وجہ سے یہ واقع ہوا، وزیراعلی نے خود تسلیم کیا کہ یہاں سہولیات کا فقدان ہے: سراج الحق کی سانحہ احمد پورشرقیہ کے متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

ملتان :(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر انتظامیہ اور پولیس اپنی ذمہ داری نبھاتا تو اتنا بڑا سانحہ نا ہوتا، حکمرانوں نے دعووں کے باوجود بھی ریاست بہاولپور کو ہمیشہ پسماندہ رکھا۔

تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثئے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ غربت اور لاعلمی کی وجہ سے یہ واقع ہوا، وزیراعلی نے خود تسلیم کیا کہ یہاں سہولیات کا فقدان ہے، وزیراعلی سے سوال کرتا ہوں کہ سہولیات فراہم کرنا آپکی ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ کو سانحہ پر ازخود نوٹس لینا چاہئے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہاں آکر پتہ چلا احمد پور شرقیہ کے لوگ کس حال میں رہ رہے ہیں یہاں کے لوگوں کی زندگی افریقہ میں رہنے والے لوگوں کی زندگی سے بھی بدتر ہے، انکا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے کتے بھی مکھن کھاتے ہیں جبکہ غریب ایک وقت کی روٹی کو ترستا ہے، یہاں کے مسائل کو قومی و صوبائی اسمبلی میں اٹھائیں گے، انہون نے مطالبہ کیا کہ اس واقع کی انکوائری ہونی چاہئے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ٹول پلازے بنا دیئے جاتے ہیں لیکن سڑکیں کھنڈر بنائی ہوئی ہیں، ٹول پلازوں کے جگا ٹیکس پر قومی و صوبائی اسمبلیوں میں قرارداد لائیں گے، اس موقع پر انہوں نے پارہ چنار واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید مذمت کی۔