خیبرپختونخوا، سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 23 دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں سے مقابلے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 الگ الگ آپریشن کیے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موثر نشاندہی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی آپریشن میں 23 دہشت گرد مارے گئے اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے 5 جوان بھی شہید ہوئے۔
26 مئی کو پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا گیا جس میں 6 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 27 مئی کو ٹانک کے علاقے میں بھی آپریشن کیا گیا جس کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ تیسری کارروائی خیبر کے علاقے باغ میں کی گئی ،سکیورٹی فورسز نے 7دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ 2دہشتگرد زخمی ہو گئے فائرنگ کے تبادلے میں 5 بہادر جوان نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار، سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر صغیر اور محمد یاسین شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔