زلمی آزادی کپ کا آغاز، ابتدائی میچ میں پشاور بلیوز کی فتح

پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پہلا زلمی آزادی کپ پشاور میں شروع ہوگیا، ابتدائی میچ میں پشاور بلیوز نے نوشہرہ بلیوز کو 26 رنز سے شکست دی۔پاکستان سپر لیگ کی نمبرون فرنچائز پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام زلمی آزادی کپ خیبرپختونخوا میں شروع ہوگیا۔ زلمی آزادی کپ 7 سے 14 اگست تک خیبرپختونخوا میں جاری رہے گا۔ جس میں صوبے بھر سے 52 ٹیمیں شریک ہیں اور ایونٹ میں ہزار سے زائد نوجوان کرکٹرز ان ایکشن ہیں۔ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب اور میچز ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے گئے۔پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے ابتدائی میچز میں کھلاڑیوں کے کھیل اور جذبے کی تعریف کی۔ محمد اکرم نے کہا کہ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ زلمی ٹیلنٹ ہنٹ، ہنڈر پچز پراجیکٹ، زلمی اسکول لیگ کے بعد اب زلمی آزادی کپ کا مقصد نوجوان کرکٹرز کو صلاحتیوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔اپنے پیغام میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ہنڈرڈ پچز پراجیکٹ اور زلمی اسکول لیگ کے بعد زلمی مدرسہ لیگ اور اب زلمی آزادی کپ کا انعقاد جہاں صوبے میں نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کا اظہار کا موقع دے گا وہیں نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئیگا۔ جشن آزادی کے موقع پر آزادی کپ کا انعقاد پشاور زلمی کا پاکستان اور خیرپختونخوا کی عوام کے لیے تحفہ ہے۔