سسیکس کاؤنٹی سے ملنے والی ادائیگیوں کا ریکارڈ مل گیا، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کلب سسیکس کی جانب سے کی جانے والی ادائیگیوں کا ریکارڈ آ گیا ہے جسے جلد سپریم کورٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ساری منی ٹریل عدالت عظمیٰ میں پیش کی جائے گی، منی ٹریل میں سسیکس کی جانب سے کی جانے والی ادائیگیوں کا بینکنگ ریکارڈ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ لندن کے فلیٹ کی ادائیگیوں کا سارا بینکنگ ریکارڈ بھی موجود ہے، کیری پیکر کے جانب سے کی گئی ادائیگیوں کا بینکنگ ریکارڈ بھی آ گیا ہے اور اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی مل گئی ہیں جنہیں جلد سپریم کورٹ میں پیش کردیا جائے گا۔


عمران خان نے یہ بھی کہا کہ کوئی سرکاری عہدہ نہ رکھنے اور قانون کی خلاف ورزی نہ کرنے کے باوجود وہ قوم اور سپریم کورٹ کے سامنے 40 برس پرانی منی ٹریل پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ نواز شریف اور ان کے حامی اس طرح کی منی ٹریل اور مالی شفافیت پیش کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کے حق میں بولنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میری مکمل بینکنگ منی ٹریل سپریم کورٹ کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں اپنی منی ٹریل مکمل دستیاب نہ ہونے کا تحریری طور پر اعتراف کیا تھا۔ نااہلی کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنا تحریری جواب عدالت کو جمع کرایا تھا جس میں اعتراف کیا گیا تھا کہ ان کے پاس منی ٹریل کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔سپریم کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کی درخواست دائر کی گئی تھی اور کیس کی گزشتہ سماعت میں عدالت نے عمران خان سے بیرون ملک کرکٹ سے ہونے والی آمدن کی مکمل تفصیلات طلب کی تھیں، عدالت نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان بارہا عدالتی احکامات کے باوجود اپنی منی ٹریل کی دستاویزات جمع نہیں کروا رہے۔