واربرٹن اور شیخوپورہ کی نیوزعثمان سندرانہ کی رپورٹس میں ملاحظہ فرمائیں

واربرٹن شہر میں لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبور،کوئی پرسان حال نہیں
واربرٹن(عثمان سندرانہ) واربرٹن شہر میں لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبور،کوئی پرسان حال نہیں۔غلہ منڈی واربرٹن میں نصب واحد واٹر فلٹریشن پلانٹ عرصہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے خراب ہے۔ جس کے نتیجے میں واربرٹن شہر اور نواحی دیہات کے لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے لوگوں کے بیماریوں میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے۔ عوامی حلقوں نے چیئرمین ایم سی واربرٹن شیخ جمیل احمد نارگ، چوہدری محسن اقبال بگڑ، حاجی میاں وحید احمد نارگ،ایڈووکیٹ میاں منصور شفیع،ڈی سی ننکانہ و دیگر متعلقہ ارباب اختیار سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹریفک کے چار مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق
واربرٹن (عثمان سندرانہ)ٹریفک کے چار مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق واربرٹن جسلانی موڑ سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہوکر فٹ پاتھ کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں 25سالہ عبدالغفار اور 32سالہ مدثر اقبال شدید زخمی ہوگئے۔ قصبہ بچیکی کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک اور موٹر سائیکل کے تصادم میں موٹر سائیکل پر سوار 20سالہ رنگ الٰہی ولد ریاض شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعہ پر ہی دم توڑ گیا دریں اثناء قصبہ بچیکی کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 18سالہ رنگ الٰہی شدید زخمی ہوگیا۔ گاؤں دس مربعہ سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کا اچانک ٹائر پنکچر ہوجانے کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 35سالہ یاسر اور 24سالہ خالد اقبال شدید زخمی وہگئے علاوہ ازیں منڈی موڑ ننکانہ صاحب کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث موٹر سائیکل پرسوار 18سالہ دانش شدید زخمی ہوگیا تمام زخمیوں کور یسکیو1122 ننکانہ صاحب کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔

واربرٹن(عثمان سندرانہ)پاکستان تحریک انصاف پی پی 173کے یوتھ رہنما سردار عاطف نورمان نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بیڈگورننس ہے، انہوں نے کہا کہ روزمرہ کی اشیاء ٹماٹر، پیاز، آلو کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹی اپنا کردار ادار کرے اور عوام کے حقوق کا تحفظ کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’نیوزالرٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیاسردار عاطف نور مان نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی بجلی کی قیمتوں میں4روپے یونٹ تک اضافہ کرکے عوام پر بجلی بم گرادیا اور مہنگائی تلے دبے ہوئے عوام کی اب روزمرہ کھانے پینے کی اشیاء تک رسائی مشکل ترین بنادی ہے ٹماٹر240روپے کلو، آلو 120روپے کلو اور پیاز100روپے کلو تک پہنچاکر عوام کو تکلیف میں مبتلا کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل1997کی قیمتیں واپس لانے کا نعرہ لگایا تھا1997کی قیمتیں تو وہ واپس نہ لاسکے لیکن آنے والے سالوں2025کی قیمتیں مقرر کرکے عوام کو تکلیف میں مبتلا کردیا ہے جو بیڈ گورننس کی انتہااور عوام دشمنی کے مترادف ہے۔

ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ )ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک خاتون سمیت چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھولا چک سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پر سوار 55سالہ نسیم بی بی اچانک جمپ لگنے کے باعث نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔ گاؤں کھیپ والی سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ تیزرفتاری کے باعث الٹ گیا جس کے نتیجہ میں 22سالہ کاشف علی شدید زخمی ہوگیا۔ دھوپ سڑی سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل اور رکشہ کے تصادم میں 14سالہ حفیظ اور 12سالہ معیز احمد شدید زخمی ہوگئے۔ دھولر چوک ننکانہ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کے سامنے اچانک بھینس آجانے کے باعث موٹر سائیکل الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 35سالہ محمد عمران شدید زخمی ہوگیا علاوہ ازیں چک حیدر آباد سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 37سالہ نور احمد شدید زخمی ہوگیا تمام زخمیوں کو ریسکیو1122 ننکانہ صاحب کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔

واربرٹن(عثمان سندرانہ)میونسپل کمیٹی واربرٹن کے کونسلرحاجی محمد اکرم آرائیں نے ’’نیوزالرٹ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ خدارا ہمیں اختیارات دیے جائیں تاکہ ہم ہی اپنی عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کر سکیں نہیں تو ایک ایسی تحریک اٹھے گی جو ان کو بہا لے جائے گی ہم نے گلی محلوں سے عوام سے ووٹ حاصل کئے ہیں اس لئے ہم اپنی عوام کو جواب دہ ہیں اور ان سے کہیں بھاگ بھی نہیں سکتے بہتر ہے کہ اس نظام میں جو خرابیاں ہیں ان کو درست کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات عوام تک بروقت پہنچ سکیں۔

واربرٹن(عثمان سندرانہ)غیر منصفانہ برتاؤ کے باعث ایچ بی ایل ڑود ودیگر شہر بھرمیں تجاوزات مکاؤ آپریشن متنازعہ بن کر رہ گیا۔ شہریوں سمیت تاجربرادری کا کہنا ہے کہ آپریشن صرف غریب دوکانداروں کیخلاف ہے جبکہ سرمایہ داروں سے سب اچھا جاری ہے۔تجاوزات کیخلاف آپریشن چیف آفیسر واربرٹن محمد حفیظ کی قیادت میں کیا گیا، اس موقع پر انکے ہمراہ انفورسمنٹ انسپکٹر محمد ثاقب ،ایس ایچ او تھانہ واربرٹن رانا سجاد اکبروعملہ،ا ور دیگر بلدیہ کا عملہ بھی موجود تھا۔ آپریشن کے دوران کچھ دوکانداروں کو آئندہ کیلئے وارننگ جاری کی کہ دکانوں کی حدود سے تجاوز کرنے والوں کا سامان ضبط کرلیا جائے گا اور جرمانے بھی کیے جائیں گے۔چیف آفیسر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ چیئرمین جمیل احمد نارگ کی ہدایت پر دوکاندار وں کو حدبندی کر دی ہے آئندہ دنوں میں فائنل آپریشن کیاجائیگا۔ شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے دم لیا جائے گا۔تجاوزات مافیا کے ساتھ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ )ڈی پی او ننکانہ صاحب صاحبزادہ بلال عمرنے صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ننکانہ پولیس نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے 75پروگرام جن میں 50جلوس اور 25مجالس شامل ہیں کے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران منعقدہ مجالس اور نکالے جانے والی جلوسوں کی سیکیورٹی پر 1500سے زائد پولیس افسران و ملازمان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ سیکیورٹی انتظامات کے لیےPC فاروق آبادسے پولیس کی اضافی نفری منگوائی گئی ہے جن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مجالس اور جلوس کی انتظامیہ اور زائرین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں،کسی بھی قسم کی مذہبی گفتگو سے اجتناب کریں انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں اسلحہ کی نمائش اور آتش بازپر مکمل پابندی ہے ، ساؤنڈ سسٹم کی خلاف ورزی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ نویں اور دسویں محرم الحرام کو ضلع بھر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہوگی انہوں نے کہا کہ اہم مجالس اور جلوس کے مین گیٹوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں اور خاردار تاریں بھی بچھائیں جا رہی ہیں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں کی سویپنگ بھی کروائی جا چکی ہے ،تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ تمام نفری کو کھانا ڈیوٹی پوائنٹس پر ہی مہیا کیا جا رہا ہے انہو ں نے کہا کہ تمام پولیس افسران اور ملازمین انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں تا کہ کسی قسم کا کوئی نا خوشگوار واقع رونما نہ ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکل افسران اور ایس ایچ اوز بڑے جلوسوں کے موقع پر امن کمیٹی کے ممبران کو اپنے ساتھ رکھیں گے۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ )مسیحی برادری نے بھی بابا گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی ننکانہ صاحب بچاؤ تحریک کی حمایت اور جدوجہد میں شانہ بشانہ چلنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آواز یوتھ ویلفیئر ایسو سی ایشن کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پادری اسلم سوہن ،پادری مقصود مشتاق مسیح ،ماسٹر صادق مسیح ،جانسن جوزف سمیت دیگر مسیحی رہنماؤں نے شرکت کی اس موقع پر وفاقی حکومت کی طرف سے مجوزہ بابا گورونانک انٹر نیشنل یونیورسٹی کوننکانہ صاحب میں ہی بنانے اور اس کا ننکانہ صاحب میں جلد سنگ بنیاد رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ،قرار داد میں مجوزہ یونیورسٹی کو ننکانہ صاحب کے علاوہ کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی بھر پور مخالفت کا بھی اعلان کیا گیا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے نام سے منسوب یونیورسٹی کو ان کی جائے پیدائش ننکانہ صاحب میں ہی بنایا جا ئے ،اگر اس یونیورسٹی کو ننکانہ صاحب کے علاوہ کسی اور مقام پر منتقل کیا گیا تو یہ ضلع ننکانہ صاحب کے باسیوں کے ساتھ نا انصافی ہو گی جس کی ہر سطح پر اور ہر طریقے سے بھرپور مخالفت کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کی مسلم اور سکھ برادری کی طرح یہاں مقیم مسیحی برادری بھی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،صدر ممنون حسین ،وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام یونیورسٹی کو ننکانہ صاحب کے علاوہ کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا فوری نوٹس لیں اور اس یونیورسٹی کا ننکانہ صاحب میں ہی بنانے کے لئے اس کا جلد سنگ بنیاد رکھیں اگر اہل ننکانہ صاحب کو یونیورسٹی کے ان کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی تو ضلع ننکانہ صاحب میں مقیم تمام مسیحی برادری اگلی صفحوں میں احتجاج کرے گی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پاکستان پر ہو گی ۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ )ایڈ یشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی اور ایس ایس پی پٹرولنگ لاہور بابر بخت قریشی کی خصوصی ہدایت پر پٹرولنگ پولیس ننکانہ صاحب کے عملہ کے لئے ڈی ایس پی پٹرولنگ ملک اشرف اعوان نے ضلع ہذا کی تمام پوسٹس پر SOPریفریشر کورش کا انعقاد کروایا جس میں ملازمین کی قابلیت کو ابھارنے اور ڈیوٹی کو بہتر بنانے کے لئے SOPکے لیکچر دئیے گئے۔

ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ )گزشتہ روز ایک موٹر سائیکل سوار نوسر بازنے نواحی گاؤں لہناداس کی ایک بیوہ پروین اختر کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 18ہزار روپے کی نقدی منظور ہونے کا جھانسہ دیکر 6ہزار روپے کی نقدی سے محروم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک موٹر سائیکل سوار نوسر باز کوٹ لہناداس کی بیوہ خاتون پروین اختر کے پاس پہنچا اور 10ہزار روپے کا جعلی چیک دیکر کہا کہ آپ کا 18ہزار روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت منظور ہوچکے ہیں آپ چھ ہزار روپے ایڈوانس دے دیں آپ کو 10ہزار روپے مالیت کا چیک اور 14ہزار روپے کی رقم یکمشت مل جائے گی جس پر خاتون نے اسے 6ہزار روپے کی نقدی دیدی نوسر باز کے جانے کے بعد خاتون خانہ کو پتہ چلا کہ وہ جعلی چیک تھا۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ )محرم الحرام کے سلسلہ میں مجالس اور جلوسوں کی روٹس پر تعینات ڈاکٹرز کے پاس کوئی بھی سہولیات نہ ہونے کے باعث ڈاکٹروں کو مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی طرف سے تحصیل شاہکوٹ، سانگلہ ہل سمیت دیگر مقامات پر محکمہ صحت کے عملہ کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جن کے پاس نہ تو ایمبولینس ہے اور نہ ہی کوئی سٹریچر جن پر لیٹا کر وہ کسی مریض کا چیک اپ کرسکیں جبکہ ڈاکٹرز حضرات ہاتھوں میں فسٹ ایڈ بکس اور ادویات اٹھائے سڑکوں کے کنارے گھومتے پھرتے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کی ڈیوٹی پر تعینات عملہ کو کوئی بھی سہولت نہ دینا ان کے ساتھ مذاق کرنے کے مترادف ہے نہ تو ڈاکٹروں کے بیٹھنے کا کوئی انتظام کیا گیا ہے اور انہیں کوئی ایمبولینس فراہم کی گئی ہے وہ مریضوں کو مجبورا سڑک پر لیٹا کر علاج کرنے پر مجبور ہیں شہری تنظیموں کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر(ہیلتھ) ڈاکٹر عمر فاروق سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مجالس اور جلوسوں کی ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹروں کو ایمبولینس سمیت دیگر سہولیات فراہم کریں۔

ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ ) پنجاب ٹیچر ز یونین ضلع ننکانہ صاحب کے وفد کی نئے تعینات ہو نے والے سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی سے ملاقات ، تعلیمی درجہ بندی میں ضلع کی مزید بہتری اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے ایجوکیشن اتھارٹی کے شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اعادہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹیچرز یونین کے وفد نے ضلعی صدر چوہدری منیر انجم کی قیادت میں نئے تعینات ہو نے والے سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی چوہدری محمد ارشاد سے ملاقات کی ،وفد نے انہیں ننکانہ صاحب میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،وفد نے سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کو تعلیمی درجہ بندی میں ضلع ننکانہ صاحب کی پوزیشن میں مزید بہتری اور اساتذہ کے مسائل کے حل کر لئے اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ،سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی چوہدری محمد ارشاد نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کا باعزت طبقہ ہے جو آنے والی نسلوں کی تربیت کر رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنے تدریسی فرائض مکمل ایمانداری سے ادا کریں اس سے نہ صرف محکمہ تعلیم کا امیج مزید بہتر ہو گا بلکہ یہ ان کے رضائے الٰہی کے حصول کا بھی باعث بنے گا انہوں نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے دوران میری ہر ممکن کوشش ہو گی کہ اساتذہ کے جائز مسائل کسی بھی رکاوٹ کے بغیر حل ہوں اور انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ،وفد میں ضلعی جنرل سیکرٹری فیاض انجم ،انفارمیشن سیکرٹری رانا محمداسلم ،صدر تحصیل شاہ کوٹ محمد ذوالفقار،تحصیل صدر سانگلہ ہل حافظ ارشد رندھاوا ،صدر سید والہ مرکزچوہدری محمد امتیاز ،صدر ننکانہ شرقی مرکز ملک امداد حسین سمیت دیگر ضلعی ،تحصیل اور مراکز کے عہدیدران بھی موجود تھے ۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ )گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائی سکول ننکانہ صاحب میں دل کے عالمی دن کے موقعہ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل مرزا محمد سلیم تھے جبکہ تقریب میں سکول اساتذہ سمیت طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ٹیچر محمد نوید نے کہا کہ ہارٹ کے عالمی دن کے موقعہ پر دل کی بیماریوں کے متعلق بچوں کو آگاہی دی اور اس کی احتیاطی تدابیر کے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ اگر ہم ان احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو ہارٹ اٹیک اور اس سے متعلقہ بہت سے بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ)پریس کلب ننکانہ صاحب کا تعزیتی اجلاس صدر چوہدری افضل حق خاں کی زیر صدارت منعقدہوا جس میں سرپرست شیخ منظور احمد شاد ،جنرل سیکرٹری چوہدری نعیم احمد ،شاہین اقبال غیور ،شیخ محمد آصف ، چوہدری ریاض احمد ،قیصر عرفان ،جا وید احمد معاویہ ،شیخ مقصود احمد ،مرزا عبید اللہ ،چوہدری عبد الحمید آرائیں ،رانا شہباز احمد ،رانا ذوالفقار احمد ،سمیع اللہ عثمانی ،طاہر محمود ہجویری ،قمر عباس ،رانا محمد آصف ،خضر حیات چٹھہ ،محمد ارشد کامل ڈوگر ،چوہدری محمد خالد ،ڈاکٹر شاہ نواز ،سرفراز حسین قادری ،اعجاز آصف ڈوگر ، محمد سعید اختر، چوہدری عبد الغفار ،راؤ توقیر السلام ،چوہدری کامران اور عثمان شفیق سمیت دیگر نے شرکت کی اجلاس میں نجی ٹی وی کے رپورٹر میاں وحید قیصر اور صفدر آباد کے رپورٹر مقصود اشرف سبحانی کے والداور سانگلہ ہل کے رپورٹر امداد حسین امدادکے بہنوئی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا اجلاس میں مرحومین کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ )محکمہ لائیوسٹاک ننکانہ صاحب کی جانب سے جانوروں کی پیداوار اور ذرخیزی بہتر کرنے کی غرض سے قدرتی ملاپ کیلئے سانڈ رکھنے والے فارمرزکے جانور رجسٹرڈ کیے گئے۔تفصیل کیمطابق جانوروں کی پیداوار و افزائش نسل میں بہتری کے منصوبے کے تحت واربرٹن شہر اور گردونواح کے دیہاتوں میں جانوروں کی رجسٹریشن کی گئی جن میں سانڈ بیل، چھترے،اوربکرے شامل ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ننکانہ ڈاکٹر حیدر علی خاں نے بتایا کہ رجسٹر ہونے والے جانوروں کیلئے ماہانہ اعزازیہ دیا جارہا ہے جس میں 3 ہزار روپے برائے سانڈ بیل، اور800روپے برائے چھترا ور بکراماہانہ شامل ہیں۔ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر خورشید عالم نے بتایا کہ اس منصوبے سے مناسب اور معتدل موسم میں بچوں کی پیدائش سے شدید موسم میں ہونے والی شرح اموات میں کمی کے علاوہ دودھ کی مصنوعات اور مویشی پال حضرات کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد پہلے سے رجسٹرڈ کیے گئے جانورو جسن کی ویریفکیشن کی گئی ہے جس کے بعد نئے جانوروں کورجسٹرڈ کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک ننکانہ ڈاکٹر خالد محمود اور ڈاکٹر اظہر بھی موجود تھے۔

ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ )برما میں مسلمانوں کو زندہ جلانا بچوں کو ذبح کرنا خواتین سے زیادتی کرنا اور 113 سے زائد مساجد کو شہید کرنا عالم اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری سجوار بھٹی ایڈووکیٹ کی تعزیت کے موقعہ پر چوہدری آفتاب حسین بھٹی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور نہتے مسلمانوں کی نسل کشی ناقابل برداشت ہے دنیا بھر میں اغیار کی طرف سے اہل اسلام کی تذلیل و توہین کی جار ہی ہے یہود و ہنود نے ملت اسلامیہ کے خلاف دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے اور الٹا الزام مسلمانوں پر لگایا جا تا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے نااہل حکمران اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ان حالات میں برمی سفیر کو فوری طور پر ملک سے نکال دینا چاہیے فلسطین ، چیچنیا ، بوسنیا ، عراق ، کشمیر اور برما سمیت ایک ایک ہمیں اور ہمارے اتحادیوں کو پارہ پارہ کیا جا رہا ہے امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

رپورٹ: ملک محمد عثمان سندرانہ بیوروچیف نیوز الرٹ شیخوپورہ ،واربرٹن سٹی / چوہدری افضل حق نیوزالرٹ ننکانہ صاحب
28-09-2017