بوریوالا: اجرت مانگنے پر فیکٹری مالک کے بیٹو ں کا مزدور پر تشدد، حالت غیر

بورے والا(نیوزالرٹ)مزدوری مانگنے پر فیکٹری مالک کے بیٹے جلاد بن گئے،مزدور کو کمرے میں بند کر کے کپڑے اُتار کر بہیمانہ تشدد،مزدور کی حالت غیر ہونے پر اُسے گیٹ کے قریب پھینک دیا،ساتھ آئی بیوی سے بھی بدتمیزی،مزدور کے ساتھیوں اور اہل علاقہ نے واقعہ کے خلاف فیکٹری کے سامنے چیچہ وطنی روڈ بلاک کر دی۔پولیس ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی،ڈیڑھ گھنٹہ بعد ٹریفک بحال،تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں535ای بی کا رہائشی محنت کش فقیر حسین چیچہ وطنی روڈ پر واقع افتخار آئل ملز میں مزدوری کرتا تھا دس روز مزدوری کے بعد اُس نے کام چھوڑ دیا اور مالکان سے مزدوری کا تقاضا کرتا رہا لیکن انہوں نے مزدوری دینے سے انکار کر دیا گھریلو تنگدستی کی وجہ سے آج وہ اپنی بیوی شبانہ کوثر کے ہمراہ فیکٹری مالکان کے پاس آیا اور مزدوری کی رقم کے لیے منت سماجت کی جس پر فیکٹری مالک کے بیٹوں نبیل احمد اور عدیل احمد نے دیگر ملازمین کو بلوا کر اُسے کمرہ میں بند کر دیا جہاں اُسکی بیوی کو باہر بھیج کر اُسے برہنہ کرکے اسلحہ کے بٹ،مکوں سے بہیمانہ تشدد شروع کر دیا بیوی کے شور مچانے پر اُس کے ساتھ بھی بدتمیزی کی اور اُسکی حالت غیر دیکھ کر اُسے فیکٹری کے گیٹ کے قریب پھینک کر روپوش ہو گئے اس واقعہ کو دیکھ کر مزدور کے کئی ساتھیوں اور اُسکے ورثاء نے موقع پر پہنچ کر فیکٹری گیٹ کے سامنے فیکٹری مالکان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا ۔ اسی دوران فیکٹری میں داخل ہوتے ہوئے اسکا مالک محمد افتخار اور ایک ملازم بھی مشتعل مزدوروں کے ہتھے چڑھ گیا جنہیں لاتوں اور مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایا تو دونوں اپنی جان بچاتے ہوئے وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے جس کے بعد مشتعل مظاہرین فیکٹری میں داخل ہو گئے اور ملزمان کی تلاش میں دفاتر پر ہلہ بول دیا لیکن فیکٹری مالکان اور عملہ وہاں سے روپوش ہو چکا تھا واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی اور آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مزدور کو ایمولینس کے ذریعہ ہسپتال منتقل کرکے روڈ کو بھی کلیئر کروایا مزدوروں کا مطالبہ تھا کہ مالکان کے اس ظلم کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں فوری گرفتاری کیا جائے۔