لیبیاسے 11 پاکستانیوں کی میتوں کو وطن پہنچادیاگیا

اسلام آباد(محمدجابر)لیبیا کشتی حادثےمیں جاں بحق ہونے والے 11 افراد کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں،چند روز قبل بحیرہ روم کے ذریعے اٹلی جانے والی کشتی لیبیا کے ساحل پر الٹنے سے 90 افراد ڈوب گئے تھے جن میں 16 پاکستانی شہری بھی شامل تھے،حادثے میں 13 پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں،3 افرادکی لاشیں تاحال نہیں مل سکیں،کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 میں سے 11 افراد کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں جبکہ دو افراد کی میتوں کودستاویزات مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند روز میںپاکستان لایا جائے گا،جاں بحق افراد کی میتیں جدہ سے ایس وی 722 کے ذریعے اسلام آباد لائی گئیں،اسلام آباد لائی جانے والی میتوں میں اکرام الحق، تنزیل الرحمان، عظمت بی بی، ولید اکرام، فرحان علی، محمد قاسم بیگ، محمد عزیز، کاشف جمیل، مرزا غلام فرید اور مظہرحسین شامل ہیںیاد رہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 8 کا تعلق گجرات، 4 کا منڈی بہاؤ الدین، ایک کا راولپنڈی اور ایک کا سرگودھا سےہے۔