اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

875,871FansLike
9,998FollowersFollow
568,300FollowersFollow
191,068SubscribersSubscribe

جودھپور: بھارتی عدالت نے سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنا دی

جودھپور (نیوزالرٹ) بھارتی عدالت نے کالا ہرن شکار کیس میں بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد سلمان خان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا ہے ، دوسری جانب اداکار کی لیگل ٹیم نے ضمانت کیلئے جودھپور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔کالا ہرن شکار کیس کی سماعت جودھپور کی عدالت میں ہوئی جہاں سلمان خان، سیف علی خان ، تبو، سونالی باندرے اور نیلم کوٹھاری ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔ پانچوں اداکار کیس کی سماعت کے سلسلے میں ایک روز پہلے ہی راجھستان کے دارالحکومت جودھپور پہنچ گئے تھے۔ جوڈیشل چیف مجسٹریٹ دیو کمار خطری نے کیس کا ایک ہفتے قبل محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا اور سلمان خان کے علاوہ باقی تمام اداکاروں کو بری کردیا ۔ ابتدائی طور پر عدالت کی جانب سے نایاب جانور کے شکار پر سلمان خان کو مجرم قرار دیا گیا اور انہیں عادی مجرم کہا گیا ۔ابتدائی فیصلے کے بعد فریقین کے وکلا کی جانب سے سلمان خان کی سزا کے حوالے سے دلائل دیے گئے ، پراسیکیوشن ٹیم نے عدالت سے کیس میں 6 سال سزا سنانے کی درخواست کی گئی تاہم وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ سلمان خان کے سماجی کاموں کو دیکھتے ہوئے انہیں کم از کم سزا سنائی جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سزا کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو بھارتی وقت کے مطابق 2 بجے سنایا گیا۔ عدالت نے سلمان خان کو کالے ہرن کا غیر قانونی شکار کرنے کے جرم میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد بالی ووڈ اداکار کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔دوسری جانب سلمان خان کی لیگل ٹیم نے ضمانت کیلئے پیپر ورک مکمل کرلیا ہے اور جودھپور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے ، اس سلسلے میں سلمان خان کے ضمانتی بھی عدالت میں ہی موجود ہیں۔ سلمان خان کو سزا سنائے جانے سے پہلے جودھپور شہر اور جیل کی سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ دوسری جانب سلمان خان کے خلاف کیس میں مدعی بشنوئی برادری کے افراد کثیر تعداد میں عدالت کے باہر ہی موجود ہیں اور عدالتی فیصلے پر جشن منا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کالا ہرن شکار کیس 1998 میں اس وقت درج کیا گیا جب فلم ’ ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کی جارہی تھی۔ اداکار سلمان خان، سیف علی خان، تبو ، سونالی باندرے اور نیلم پر الزام تھا کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران راجھستان میں کالے ہرن کا شکار کیا تھا ۔ خیال رہے کہ کالا ہرن نایاب جانوروں میں شمار ہوتا ہے جس کا شکار غیر قانونی ہے، سلمان خان کو بھارتی آئین کے وائلڈ لائف قانون کے آرٹیکل 51 کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔