اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

861,950FansLike
9,986FollowersFollow
565,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

مشکل مہم جوئی کیلیے گرین کیپس ہمت جوان کرنے لگے

لاہور(سپورٹس ڈیسک) مشکل مہم جوئی کیلیے گرین کیپس ہمت جوان کرنے لگے، انگلش کنڈیشنزسے ہم آہنگ ہونے کی امنگ جاگ اٹھی، پیر کو بارش کے سبب انڈور پریکٹس تک محدود رہنے والے مہمان کرکٹرز نے موسم بہتر ہونے پر میدان کا رخ کیا۔تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز سے قبل مشکل کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے قومی کرکٹرز کو قبل از وقت انگلینڈ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ہیمپشائر کے روز باؤل گراؤنڈ میں کیمپ کے پہلے روز کھلاڑیوں نے صرف ڈرلز پر توجہ دیتے ہوئے لہو گرمایا تھا، پیر کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت 2 سیشنز شیڈول کیے گئے تھے لیکن بارش کی وجہ سے کھلاڑیوں کو انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑا، منگل کو بھی آسمان پر بادل چھائے رہے لیکن میدان کی حالت بہتر ہوتے ہی کھلاڑیوں نے وہاں کا رخ کیا۔وارم اپ اور معمول کی ورزشوں کے بعد گراؤنڈ کے وسط میں لگائے گئے نیٹ میں اوپنرز شان مسعود اور سمیع اسلم کو طویل سیشن کرایا گیا، بعد ازاں مڈل آرڈر بیٹسمینوں اظہر علی، مصباح الحق اور یونس خان نے بھی صلاحیتیں نکھارنے پرکام کیا، پیسرز نے مقامی کنڈیشنز کا بہتر استعمال کرتے ہوئے سوئنگ اور سیم کی مدد سے بیٹسمینوں کیلیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی،محمد عامر بھرپور ردھم میں تھے جبکہ راحت علی بھی خاصے متاثر کن نظر آئے، کپتان کی جانب سے ٹیم کا ٹرمپ کارڈ قرار دیے جانے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی گھومتی گیندوں کا جادو جگاتے رہے، ایشیائی کنڈیشنز سے مختلف پچ پر ان کی بولنگ کوچ مکی آرتھر اور مصباح الحق کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی، یونس خان نے اسپنر کو اچھی گیندوں پر داد دیتے ہوئے حوصلہ بڑھایا، فیلڈنگ میں سلپ کیچز کی بھرپور مشق کرائی گئی، ایک چھوٹے بیٹ سے پھینکی گئی گیندوں پر لوکیچ پکڑنے میں فیلڈرز کی خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔بیٹسمینوں کو رن آؤٹ کرنے کیلیے نشانے درست کرنے پر بھی کام ہوا، اس سیشن میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کی معاونت بھی حاصل رہی، پک اور تھرو میں ضائع ہونے والا وقت کم سے کم کرنے کی کوشش ہوئی، میدان کے ایک طرف لگائے گئے نیٹ میں بھی اسد شفیق اور دیگر نے باؤنسی پچ پر تکنیک بہتر بنانے کیلیے پریکٹس سیشنز کیے۔ دریں اثنا میڈیا سے بات چیت میں ٹیم منیجر انتخاب عالم نے کہاکہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے پیر کو انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑا تھا، منگل کو 3گھنٹے کا آؤٹ ڈور سیشن ہوا، کھلاڑیوں نے مطلع صاف ہوتے ہی بھرپور پریکٹس کی، سب ٹھنڈے موسم میں ٹریننگ کا بھرپور انداز میں لطف اٹھارہے ہیں۔سابق کپتان نے بتایا کہ ٹیسٹ سیریز کی بہتر انداز میں تیاری کیلیے سہ روزہ پریکٹس میچ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، کھلاڑی آپس میں ہی کھیلیں گے، بیٹسمینوں کیلیے چھوٹے چھوٹے ٹارگٹ سیٹ کیے جائیں گے جن کو بولرز روکنے کی کوشش کرینگے۔ یاد رہے کہ لاہور میں اسکلز کیمپ کے دوران بھی آسٹریلیا میں موجود ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی ہدایت پر اسی انداز میں ٹریننگ ہوئی تھی، بیٹسمین رنز بناتے اوربولرز روکنے کیلیے جان لڑاتے رہے،اس دوران وکٹوں کے درمیان دوڑنے کی اچھی پریکٹس کا بھی موقع ملتا رہا،اسی انداز کا پروگرام ہیمپشائر میں بھی تیار کیا گیا ہے۔