پاکستان کا بھارت میں ہائی کمیشن حکام کی گرفتاری پر احتجاج

اسلام آباد: پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام کو بھارتی پولیس نے گرفتار کیا تھا تاہم پاکستان کی جانب سے معاملہ اٹھانے پر انہیں رہا کردیا گیا۔دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی کمیشن حکام کو بھارتی حکام نے گرفتار کیا اور چند گھنٹے بعد ہی رہا کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی کمیشن حکام کو رہا کرنے سے قبل ایک نوٹ پر دستخط بھی کروایا گیا۔دفتر خارجہ کے حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’پاکستان نے سفارتی تعلقات پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا ہے اور پاکستان کے پاس اس کا جواب دینے کا اختیار بھی موجود ہے‘۔تاہم دفتر خارجہ میں ذرائع نے اس واقعے کے مقام کے حوالے سے معلومات دینے سے گریز کیا۔دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ہائی کمیشن کے حکام مارکیٹ میں ایک خاتون سے لڑ پڑے تھے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ خاتون نے ان کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے بعد حکام کو وہاں منتقل کردیا گیا تھا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ تھانے میں شکایت کنندہ سے معافی مانگنے پر حکام کو واپس جانے دیا گیا۔انہوں نے بھارتی حکومت کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔