اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

865,006FansLike
9,992FollowersFollow
565,300FollowersFollow
188,369SubscribersSubscribe

لاہور میں آج سیاسی قوت کا مظاہرہ، تیاریاں مکمل، عمران خان نے جائزہ بھی لیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف آج لاہور میں چیئرنگ کراس پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی جس کے لیے تمام تر تیاریاں آخری مراحل میں ہیں جب کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا۔لاہور میں چیئرنگ کراس پر پاکستان تحریک انصاف کے آج ہونے والے جلسے کی تمام تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں، شہر کی مختلف شاہراہوں کو پارٹی پرچم اور بینروں سے سجادیا گیا ہے، چیئرنگ کراس پر تحریک انصاف کا جلسہ شام 5 بجے شروع ہوگا لیکن دوسرے علاقوں سے آنے والے کارکنوں نے چیئرنگ کراس پرابھی سے ڈیرے ڈال لیے ہیں، جلسے کے لیے کارکنان کاروایتی جوش وخروش بھی عروج پر ہے جب کہ تحریک انصاف نے جلسے سے قبل مختلف علاقوں سے ریلیاں بھی نکالیں جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تحریک انصاف کی انتظامیہ کی جانب سے شہری حکومت کی پابندی کے باوجود جلسہ گاہ میں کارکنان کے لیے 30 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور عمران خان کی تقریر کے لیے80 فٹ لمبا اور 16 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جب کہ پارٹی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے لاہور پولیس کی جانب سے تھریٹ ایڈوائزری کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رات گئے جلسہ گاہ کادورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیج سمیت سیکیورٹی کی صورتحال اور بالاخصوص خواتین کے لیے بنائے گئے الگ پنڈال کا بھی جائزہ لیا، جلسہ گاہ سے روانگی کے بعد عمران خان نے داتا دربار پر حاضری بھی دی۔واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو شدید سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اس وجہ سے پی ٹی آئی کو چیئرنگ کراس پر جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی جب کہ مقامی انتظامیہ نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو چیئرنگ کراس پر یکم مئی کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔