پاکستان کرکٹ بورڈ کا اہم فیصلہ

رواں برس جون کے ماہ میں انگلینڈ کے میدانوں میں عالمی کپ 2019 کا میلہ سجے گا جس کے لئے ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔پاکستان ٹیم ان دنوں جنوبی افریقہ میں موجود ہے جہاں وہ ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد ہفتے سے 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ تاہم ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی جنوبی افریقہ میں ہی موجود ہیں اور ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر سے بھی بات چیت کررہے ہے۔ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی بیک اپ کھلاڑیوں کا پول بھی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسی سلسلے میں جنوبی افریقی بورڈ سے اے ٹیموں کے درمیان سیریز کیلئے بات چیت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ ساؤتھ افریقہ کو اپریل میں پاکستان اے ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کی تجویز دی ہے۔ذرائع کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ اس دورہ میں 3 ون ڈے، 3 ٹی ٹوینٹی اور 2 فور ڈے میچز کھیلنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔اگر دورہ ممکن ہو سکا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو ورلڈکپ کیلئے اسی اسکواڈ سے بیک اپ کھلاڑی بھی مل جائیں گے۔ کرکٹ ماہرین کی جانب سے ورلڈکپ کے لئے بہترین بیک اپ اسکواڈ کیلئے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ جنوبی افریقی بورڈ اس معاملے پر کیا جواب دیتا ہے