کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ، سورج کےبا عث کھیل روک دیا گیا

نیپیر: نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو سورج کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا، تاہم میچ سورج ڈوبنے کے بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔بھارت آسٹریلیا کا دورہ مکمل کرکے اس وقت نیوزی لینڈ میں ہے جہاں اسے 5 ون ڈے میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنا ہے۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر نیپیر کے مک لین پارک میں جاری سیریز کے پہلے ون ڈے کے دوران کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ پیش آیا۔میچ کے دوران نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کے بعد بھارتی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے میدان میں اتری تو 10 اوورز کے بعد اسے ایک مرتبہ پھر وقفہ کرنا پڑگیا۔یہ وقفہ قانون کے مطابق نہیں بلکہ خلاف توقع تھا جو میچ کے دوران غروب آفتاب کے وقت کرنا پڑا۔نیپیر کے مک لین پارک میں غروب آفتاب کے دوران سورج کی کرنیں سیدھی بیٹسمین کے چہرے پر پڑ رہی تھیں جس کی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں نے کھیلنے سے انکار کردیا۔مذکورہ میچ تقریباً آدھے گھنٹے سے زائد تعطل کا شکار رہا تاہم سورج کے ڈوبنے کے بعد میچ کو مصنوعی روشنی میں دوبارہ شروع کیا گیا۔واضح رہے کہ کرکٹ کے میدان میں پچ کی سمت شمال اور جنوب کی جانب ہوتی ہے، تاہم مک لین پارک میں بنائی گئی پچ کی سمت مشرق اور مغرب کی جانب ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کرکٹ ماہر ہرشا بوگلے کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی ایسا واقعہ نہیں دیکھا جس میں سورج کے غروب ہونے پر میچ میں تعطل آئے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کی سمت کو شمال اور جنوب میں ہونا چاہیےجنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے امپائر شان جارج کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے 14 سالہ کیریئر میں کبھی ایسا نہیں دیکھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کو کھلاڑیوں اور امپائرز کی حفاظت کے بارے میں سوچتے ہوئے عملی اقدامات کرنے چاہیئں۔اس معاملے پر بات کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سینٹر ڈسٹرکٹ کے چیف ایگزیکٹو پیٹ ڈی ویٹ نے نیوزی لینڈ ہیرالڈ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے میں کچھ نہیں کر سکتے، اور غروب آفتاب کی وجہ سے کھیل کے روکنے کا واقعہ پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا۔خیال رہے کہ 2 سال قبل بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان اسی میدان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کو بھی اسی وجہ سے کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا۔علاوہ ازیں رواں ماہ 19 جنوری کو سپر اسمیش کے دوران سینٹرل ڈسٹرکٹس اور کینٹ بری کے درمیان ہونے والے میچ کو بھی اسی وجہ سے تعطل کا شکار ہوا تھا۔