لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی 4 شہری شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب

مظفرآباد: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 1 بچے سمیت چار افراد شہید ہوگئے، جواب میں اگلے مورچوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا۔اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بلاشتعال فائرنگ و گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ سمیت چار افراد شہید جبکہ 11 شہری زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے مختلف سیکٹرز پر ایل او سی سے متصل شہری آبادی کو نشانہ بنایا، اطلاعات ہیں کہ کشمیر کے علاقے عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر، جھمپ سیکٹر کے علاقوں پر گولہ باری کی گئی۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، کھوئی رٹہ سیکٹر میں شدید گولہ باری کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ سب ڈویژن پرنالہ کے مختلف سیکٹرز میں بھی بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہونے پر مجبور ہوگئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ رات بھارتی ایئرفورس کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت انتظار کرے، اس جارحیت کا ضرور جواب دیا جائے گا، بھارت نے جنگ کے راستے پر چلنے کی کوشش کرکے ثابت کیا کہ وہ جمہوری ملک نہیں ہیں۔