ملک بھر میں شبِ معراج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

 ستائیس رجب دس نبوی کی مقدس رات کی چند ساعتوں میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ اور پھر سدرۃ المنتہیٰ سے کائنات کی وسعتوں کاسفر طے کرکے اللہ تعالیٰ سے بالمشافہ ملاقات فرمائی۔ رب کریم نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی انتہائی قربت سے نوازا اور مومنین کو نماز کا تحفہ دیا۔ مسلمانان عالم اس رات کو اس کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر خدا کے شکرانے کے طور مناتے ہیں اور نوافل کی ادائیگی کے ذریعے خدا کی قربت سے فیض یاب ہوتے ہیں۔ اسی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد میں نوافل کی ادائیگی، ذکرو اذکار اور نعت خوانی کی محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سمبڑیال میں بھی شب معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی مساجد میں خصوصی عبادات ،محافل ذکراور شب بیداری کا اہتمام کیا گیا۔۔

شب معراج کے موقع پر سمبڑیال میں فرزندان توحید رات بھر مساجد میں نوافل کی ادائیگی اور ذکر و اذکار کیا ۔شب بیداری کا یہ سلسلہ نماز فجر تک جاری رہا۔ نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، بقا اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گیئں۔

دوسری طرف وہاڑی میں بھی شب معراج کے موقع پر مساجد میں خصوصی عبادات اور محافل کا اہتمام کیا گیا۔شب معراج النبی کے موقع پر مساجد برقی قمقموں اور رنگا رنگ روشنیوں سے منورکیا گیا۔ اس موقعہ پر شہر بھر کی مساجد میں سیکورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔۔