سسٹم ٹھیک کر دیا تو گارنٹی دیتا ہوں کوئی ہمیں ہرا نہیں سکے گا

اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کی وجہ سے وفاق دیوالیہ ہو چکا ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبوں کو ٹیکس جمع کرنا تھا جس میں وہ ناکام رہے۔ جب تک شہر اپنا پیسہ اکٹھا نہیں کرینگے بہتری نہیں آ سکے گی۔ سسٹم ٹھیک کر دیا تو گارنٹی دیتا ہوں کوئی ہمیں ہرا نہیں سکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ گورننس کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ پاکستان میں بلدیاتی نظام ڈیلیور نہیں کر رہا تھا۔ ہمیں نہیں پتا صدارتی نظام کی باتیں کہاں سے آ رہی ہیں۔سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہروں میں میئر کا الیکشن براہ راست کرائیں گے۔ میئر الیکشن کے بعد اپنی کابینہ لے کر آئے گا۔ پہلی دفعہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی اراکین قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو ڈویلپمنٹ فنڈز نہیں ملتے۔ کوئی شک نہیں کہ آگے جا کر ایم این ایز کی جانب سے مزاحمت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماضی سے سیکھ کر نیا سسٹم لا رہے ہیں۔ پنجاب میں پنچایت کے براہ راست انتخاب ہوں گے۔ نئے نظام کے تحت دو سطحوں پر انتخاب ہوگا۔ 22 ہزار گاؤں کو براہ راست فنڈز منتقل ہوں گے۔ ویلج کونسل کے انتخاب سے نئی لیڈرشپ سامنے آئے گی۔اس موقع پر وزیراعظم نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نئے چیئرمین شبر زیدی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اداروں کوایک دم ٹھیک نہیں کر سکتا، پہلا سال مشکل ہی گزرنا تھا۔