پاکستان کاسیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور

لارڈز کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے دفاعی حکمت عملی کے انداز میں اننگز کا آغاز کیا جس کے دوران فخر زمان دو مرتبہ رن آؤٹ ہونے سے محفوظ رہے۔23 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 31 گیندوں پر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر امام الحق اور بابر اعظم نے 157 رنز کی شراکت قائم کی۔بابر اعظم نے 11 چوکوں کی مدد سے 98 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔امام الحق نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور وہ سنچری اسکور کرنے کے فوراً بعد ہی ہٹ وکٹ ہو گئے۔محمد حفیظ ایک بار پھر اسپنر کو غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔عماد وسیم نے 26 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان سرفراز احمد 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز اسکور کیے۔ بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد سیف الدین کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔