اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

848,731FansLike
9,980FollowersFollow
562,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

ڈی آئی خان میں فائرنگ اور خودکش حملہ، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال کے باہر مبینہ خود کش حملے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔  پولیس کے مطابق درابن چیک پوسٹ پر صبح 8 بجے موٹر سائیکل پر سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے، شہید پولیس اہلکاروں کو  ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسپتال کے مرکزی دروازے پر خودکش بم دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ڈی آئی خان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے۔ فردوس عاشق اعوان نے ڈی آئی خان میں ہونے والی تخریب کاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلہ ہارنے والے نہیں ہیں۔ دھماکے کے بعد اسپتال کے قریب داخلی اور خارجی راستے بند کر کے شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر کےمرکزی گیٹ پر ہوا اور زخمی ہونے والے افراد میں پولیس اہلکاروں سمیت بچے بھی شامل ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈی ایس پی افتخار شاہ کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور خاتون تھیں جب کہ ڈی پی او سلیم ریاض کا کہنا تھا کہ ہماری ساری توجہ صوبائی الیکشن پر تھی اور بڑی تعداد میں نفری انتخابی ڈیوٹی پر مامور تھی، ایسی صورت حال میں خودکش حملہ آور کا خاتون ہونا غیر متوقع تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شہر بھر میں سیکیورٹی فورسز کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔