پاکستان امن کی جانب گامزن ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد ( آن لائن ) آپریشن رد الفساد کو 5 سال مکمل ہونے پر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور ملک غیر یقینی صورتحال سے امن کی جانب گامزن ہے۔جبکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن رد الفساد 2017 میں شروع کیا گیا تھا۔آپریشن دہشت گردی کے خلاف 2 دہائیوں سے جاری طویل جنگ کے فوائد کو مستحکم کرنے اور ملک بھر میں دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔اس حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں اور اپنی عظیم قوم کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں

۔خیال رہے کہ 22 فروری2017 کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس آپریشن کا مقصد ملک بھر کو اسلحے سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔