اپنے کپڑے بیچ کر بھی آٹا سستاکروں گا،وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے ہے عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کروں گا اب آپ آرام سے سوئیں گے اور وزیر اعظم آپ کے لیے جاگے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شانگلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے 4سال صرف کرپشن کی اور نااہلی دکھائی ۔4سال میں 24 ہزار ارب قرض لیااورکہیں اینٹ بھی نہیں لگائی اور نہ ہی پشاور میٹرو چل پائی ۔عمران خان آج غداری اوروفاداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹ رہا ہے ۔

خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شانگلہ میں میڈیکل کالج اور 132 کے وی اے کاگریڈ اسٹیشن 3 ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے ۔شانگلہ میں ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 2ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج خیبر پختونخوا میں سستا آٹا فراہم کرنے کاوعدہ کرنے آیا ہوں۔ اگر وزیراعلی نہ کر سکے تو میں اپنے کپڑے بیچ کر بھی عوام کو سستا آٹا فراہم کروں گا ۔ایک دو دن میں آٹے کی جوقیمت پنجاب میں ہوگی وہی خیبر پختونخوا میں بھی ہوگی ۔