آصف زرادری نے(ن) لیگ کو دفن کر دیا،فضل الرحمان قل پڑہائیں گے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کی لیبارٹری میں فیصلہ عمران خان کے حق میں آ چکا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے اتحادی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ قوم عمران خان کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔پنجاب میں شفاف الیکشن ہوئے جس کی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اداروں نے اپنا کام کرنا ہے اور سیاست صرف سیاست دانوں نے کرنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رات سے (ن) لیگ کو چپ لگی ہوئی ہےکل کے الیکشن میں (ن) لیگ کا سیاسی جنازہ لکشمی چوک میں نکلتے سب نے دیکھا،آصف زرداری نے (ن) لیگ کو لاہور میں ہی دفنا دیا،فضل الرحمان اب آ کر قل پڑھا دیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ اب یہ ثابت ہو چکا کہ عمران خان کا بیانیہ ہی قوم کا بیانیہ ہے عمران خان کبھی بھی وہ فیصلہ نہیں کرے گا جس سےملک کا نقصان ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اب صرف سی ڈی اے کے وزیر اعظم ہیں ۔یہ کہتے تھے ہم عمران خان کو گھر بھیجیں گے ، نہیں عمران خان تم سب کو گھر بھیج کر جائے گا۔شہباز شریف سے کہتا ہو کہ جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔