جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا،وزیر خارجہ بلاول بھٹو

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی، ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا۔

یوم استحصال کشمیر کے موقعے پر جاری کردہ اپنے بیان میں، بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 370 اور 35 اے میں تبدیلی کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال اور خطے کے امن و استحکام کو تباہی کے دلدل کی جانب دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3سال گذر چکے ہیں مقبوضہ وادی کی عوام تاحال آزادی اظہار اور پرامن اجتماع سمیت تمام دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔

بلاول بھٹو نے زور دیا کہ اقوام متحدہ اپنے چارٹر پر عملدرآمد کرا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔ انہوں نے 9 لاکھ بھارتی فوج کی جانب سے جاری مقبوضہ وادی کے محاصرے کے بلاتاخیر خاتمے اور یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام قید و نظربند حریت پسندوں کی فوری رہائی بھی مطالبا کیا ہے۔

انہوں نے یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں سزا دینے اور ان کے ساتھ بھارتی حکومت کی ایماء پر جیل میں روا غیرانسانی برتاؤکی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی تحریک حق خود ارادیت کو دبانا مودی حکومت کے بس کی بات نہیں۔