شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ، عدالت نےمیڈیکل کا حکم دے دیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عدالت نے دوبارہ میڈیکل کرانے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان نے پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کی حالت ٹھیک نہیں ہے انہیں پیر تک پمز اسپتال میں رکھا جائے اور ان کا دوبارہ میڈیکل کرایا جائے، شہبازگل کو دمہ کا مرض ہے، اس کے ٹیسٹ کرائیں۔

ڈیوٹی جج نے فیصلے میں کہا کہ شہباز گل کے وکلا کی جانب سے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کی استدعا مسترد کرتا ہوں، شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ ابھی شروع ہی نہیں ہوا۔

پولیس کے تفتیشی افسر نے شہباز گل کے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جس پر عدالت نے پوچھا کہ پہلے دو روزہ جسمانی ریمانڈ ہوا تھا، آپ 8 دن کی درخواست کیوں لے آئے ؟ آپ شہباز گل کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کیوں مانگ رہے ہیں؟

شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ شہباز گل کی بیماری آپ نے دیکھ لی، اس کا حقیقی معاملہ ہے ، میڈیکل رپورٹ سے بھی لگ رہا ہے کہ تشدد کیا گیا، میں نے کل ڈاکٹر سے پوچھا تو انھوں نے مجھے بتایا کہ جب درد کی کوئی شکایت کرے تو انگلیاں دیکھ کر اندازہ لگاتے ہیں۔

عدالت میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ میری اصل رپورٹ وہ نہیں ہیں جو انہوں نے پیش کیں ہیں، عدالت اصل رپورٹ منگوائے۔