یو ٹیوب کے مد مقابل ویب سائٹ لانے کا منصوبہ

معروف امریکی ای کامرس کمپنی امیزون، یوٹیوب کے مقابلے پر وڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ لانے کو ہے جس پر صارفین اپنی اپ لوڈ کردہ ویڈیوز سے کمائی بھی کر سکیں گے۔ڈیو اسٹریمنگ کے حوالے سے کئی ویب سائٹس موجود ہیں لیکن گوگل کی ویب سائٹ یوٹیوب کو ٹکر دینا کافی مشکل کام ہے لیکن اب معروف ای کامرس کمپنی جو ویڈیوز ویب سائٹ لانے جا رہی ہے اس کے منفرد فیچرز کی اطلاع نے یوٹیوب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔اس نئی ویب سائٹ پر صارفین اپنی ویڈیوز اپ لوڈ کر کے اس سے کمائی بھی کر سکیں گے۔ صارفین یہ طے کر سکیں گے کہ ان کی ویڈیوز جو چاہے مفت ڈاؤن لوڈ کر لے یا کرائے پر لے سکے۔ اس کے علاوہ ویڈیوز کی فروخت بھی ممکن ہو گی۔ ویب سائٹ کی شرط صرف یہ ہو گی کہ ویڈیوز اعلیٰ معیار یعنی ایچ ڈی کوالٹی کی ہوں۔صارفین اپنی ویڈیوز کے حوالے سے دیگر معلومات بھی جان سکیں گے مثلاً کتنے دورانیے تک ان کی ویڈیوز دیکھی گئیں، کس وڈیو سے کتنی کمائی ہوئی، کمائی کی مکمل تفصیلات اور سبسکرائبرز کی تعداد۔ اس کے علاوہ مختلف ڈیجیٹل میڈیا کمپنیز سے بھی بات طے کی جا رہی ہے تاکہ وہ اس ویب سائٹ پر موجود وڈیوز اپنے صارفین کو دکھا سکیں۔