مہمند ایجنسی : نماز جمعہ کے دوران دھماکا ، 16 افراد جاں بحق

مہمند ایجنسی میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے 16 نمازی شہید جبکہ 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی ہے۔

مہمند ایجنسی: (مانیٹرنگ ڈیسک) مہمند ایجنسی کی تحصیل انبار کے دور دراز علاقے بٹہ مینا کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا۔ دھماکے کے وقت مسجد میں سینکڑوں کی تعداد میں نمازی موجود تھے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ 16 نمازی شہید ہو گئے جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور پولٹیکل انتظامیہ کے اہلکار بٹہ مینا پہنچ گئے۔ زخمیوں کو باجوڑ ایجنسی سمیت دیگر قریبی علاقوں کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں انھیں ہر ممکنہ طبی امداد دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دور دراز علاقہ ہونے اور مواصلاتی رابطے میں مشکلات کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پولٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا خود کش حملہ آور نے کیا جبکہ سیکورٹی فورسز تحقیقات میں مصروف ہیں۔