دوسرے پلے آف میں آج اسلام آباد کو کراچی کنگز کا چیلنج درپیش

شارجہ(سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل کے دوسرے پلے آف میں بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کو کراچی کنگز کا چیلنج درپیش ہے، ناکام ٹیم کا ایونٹ میں سفر تمام ہوجائے گا۔پی ایس ایل میں پشاور زلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9،9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ٹیموں کی حیثیت سے پہلے پلے آف کیلیے کوالیفائی کیا، کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہراکر 8پوائنٹس کے ساتھ پیش قدمی جاری رکھی، 6 پوائنٹس کے حامل لاہور قلندرز کو گھر واپسی کا پروانہ جاری ہوگیا۔قواعد کے مطابق پہلے پلے آف کی فاتح ٹیم تو براہ راست فائنل تک رسائی کی حقدار بن چکی جبکہ دوسرے میں ناکامی سے دوچار ہونے والی سائیڈکا سفر تمام ہوجائے گا، ایونٹ میں بقا کی جنگ لڑنے کیلیے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں بدھ کو شارجہ میں آمنے سامنے ہوںگی، فاتح الیون کو پہلے پلے آف میں ناکام سائیڈ کی دیوار گرانا ہوگی۔یاد رہے گزشتہ ایڈیشن میں کراچی کنگز صرف 2میچز جیت کر بہتر رن ریٹ کی بدولت لاہور قلندرز کو پچھاڑ کر پلے آف مرحلے میں پہنچی لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ نے 9وکٹ سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا،مصباح الحق کی ٹیم بعد میں چیمپئن بھی بن گئی تھی۔اس بار اسلام آباد کو ایونٹ میں سرفہرست بیٹسمین ڈیوائن اسمتھ کی خدمات حاصل ہیں،کپتان مصباح الحق اور بریڈ ہیڈن ابھی تک تسلسل کے ساتھ کارکردگی نہیں دکھاپائے لیکن بیٹ چل گیا تو حریف کو حیران اور پریشان کرسکتے ہیں،شین واٹسن میچ کا پانسہ پلٹ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،بولنگ بھی کافی مضبوط ہے۔محمد سمیع اچھی فارم میں ہیں،طویل قامت محمد عرفان کو کھیلنا ہمیشہ ہی مشکل ہوتا ہے۔ کراچی کنگز کو بابر اعظم جیسے ان فارم بیٹسمین کا ساتھ حاصل ہے، جارح مزاج کرس گیل کا بیٹ بھی چل پڑا،کیرون پولارڈ بھی 2فتح گر اننگز کھیل چکے، کپتان سنگاکارا نے ایک ہی بڑی اننگز کھیلی ہے لیکن کوئی حریف ان کو آسان سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتا،بولرز میں سہیل خان سرفہرست ہیں،محمد عامر زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکے ہیں۔