میرے خلاف ریفرنسز کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ان کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے اسپیکر چیمبر پہنچے، اس موقع پر ان کے ہمراہ خواجہ آصف، سائرہ افضل اور اعجاز الحق سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے شیخ رشید کی جانب سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق بیان پر کہا کہ ہم ایک شہر میں ہی رہتے ہیں اور ایک ہی پارٹی میں بھی رہے، ہم دونوں ہی ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے ملک میں فضول قسم کی پٹیشنز دائر کرنے کی روایت پڑگئی ہے، 30 سال سے اسمبلی میں ہوں اور 20 سے 22 بار اثاثوں کی تفصیلات جمع کراچکا ہوں تاہم اثاثوں سےمتعلق جس کو شک ہو وہ درخواست دائر کرسکتا ہے، میں بغیر کسی وکیل کے درخواست کا جواب دوں گا، اس قسم کی پٹیشنز کا کوئی اثر نہیں ہوگا کیونکہ وزیراعظم آئینی طریقہ کار سے بنتا ہے۔ کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں کون کون شامل ہوگا اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، یہ فیصلہ اعلیٰ قیادت کرے گی لیکن اس میں ان کی بھی مشاورت شامل ہوگی اور یہ مشاورت آج ہوگی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ، تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید، ایم کیو ایم کی کشور زہرا اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔