اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

871,130FansLike
9,992FollowersFollow
567,000FollowersFollow
188,369SubscribersSubscribe

مذہبی جماعتوں ، وکلا اور سول سوسائٹی کا گرینڈ مارچ، ریڈ زون میں سکیورٹی سخت

اسلام آباد : مذہبی جماعتوں ، وکلا اور سول سوسائٹی کے گرینڈ مارچ کے پیش نظر ریڈ زون میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم کے خلاف 8 مذہبی و سیاسی جماعتیں، وکلا تنظیمیں اور سول سوسائٹی آج (جمعہ کو ) آبپارہ چوک سے برما کے سفارتخانے تک مارچ کرے گی، مظاہروں کے باعث ریڈ زون کے داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ ڈی چوک اور ریڈ زون جانے والے تمام راستے بھی سیل کردیے گئے ہیں۔مظاہرین کو ریڈ زون میں داخلے سے روکنے کیلئے سکیورٹی انتظامات سخت ترین کیے گئے ہیں، سیرینا چوک، نادرا چوک اور میریٹ چوک میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی اور مظاہرین کو ہر صورت ڈپلومیٹک انکلیو تک جانے سے روکا جائے گا۔ پولیس نے مختلف مظاہروں کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے، مظاہرین سے نمٹنے کیلئے ساڑھے 7 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کیلئے جلسوں اورمارچ کے پیش نظر متبادل پلان جاری کردیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گرینڈ مارچ کے دوران چائنا چوک شہیدملت روڈ اور آبپارہ چوک سے سیریناہوٹل جانے والاراستہ بندہوگا۔کشمیرچوک سے ڈھوکری چوک کی طرف کشمیرہائی وے دونوں اطراف سے بند ہوگا، مارچ کے دوران ایمبیسی روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا۔ ترجمان نے متبادل راستوں کے بارے میں بتایا کہ ریڈ زون جانے والے شہری سیونتھ ایونیو، مارگلہ روڈ اور فیصل ایونیو استعمال کریں۔ شہری مری، بارہ کہوسے ایئرپورٹ، راولپنڈی براستہ راول ڈیم چوک جا سکتے ہیں، اسی طرح پشاور جانے والے شہری آئی جے پی روڈ ، نائنتھ ایونیو روڈ استعمال کرسکتے ہیں۔